Skip to product information

Qudraati Sehat Or Yoga / Dr.Barj Bhoshan Goil
Regular price
Rs.1,200.00
Sale price
Rs.800.00
"قدرتی صحت اور یوگا" ایک گراں قدر تحقیقی کتاب ہے جو ڈاکٹر برج کی انسان دوستی اور انسانیت پرستی کی دلیل ہے۔ وہ تمام بیماریوں کو 50 سے زائد عنوانات کے تحت تقسیم کر کے ان کے انتہائی آسان، سادہ اور سستے علاج تجویز کرتے ہیں اور بجا طور پر سمجھتے ہیں کہ عام ادویات مرض کی علامات کو دباتی ہیں لہذا مرض اپنی جگہ نہ صرف موجود رہتا ہے بلکہ کسی نئے روپ میں جان کا عذاب بن جاتا ہے۔ اسی لئے وہ ادویات کی بجائے غذا، ورزش، یوگا کے آسنوں اور مراقبہ کے ذریعے جسم کی مدافعتی طاقت اور قوتِ حیات کی بحالی و برقراری کے سنہری اصول پیش کرتے ہیں جو ہزاروں سال سے مستند اور مفید چلے آرہے ہیں۔
ڈاکٹر صاحب نے اس کتاب میں 50 سے زائد ایسے خاکے بھی دئیے ہیں جن کی مدد سے اپنے جسم کے کچھ خاص مقامات پر دباؤ ڈال کر کئی بیماریوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ مصنف کے مطابق قدرتی صحت سے مراد ہے روحانی، ذہنی، اور جسمانی طور پر صحت مند معتدل اور متوازن ہونا۔ یہ قدرتی صحت قدرت ہر کسی کو بڑی فیاضی سے عطا کرتی ہے اور اس عطیہ قدرت کو سمبھال پانا بھی ہر کسی کا پہلا فرض ہونا چاہیے۔
صحت پہلی ترجیح اس لئے بھی ہے کہ جب تک انسان ذہنی، روحانی اور جسمانی طور پر صحت مند نہ ہو کوئی کام بحسن و خوبی انجام نہیں دے پاتا اور اس کی زندگی کامیابی کی راہ سے ہٹ کر ناکامی، نامرادی، مایوسی اور یہاں تک کے موت کی طرف گامزن ہو جاتی ہے لہذا ہر ذی شعور انسان سب سے پہلے صحت کا خیال رکھتا ہے تاکہ اپنے فرائض اور جملہ امورِ حیات قابلِ رشک انداز میں نمٹا سکے۔
آج کا انسان مرغن، تلی ہوئی، تیز مرچ مصالحے اور نمک والی چٹخارے دار غذاؤں سے اپنی اشتہا کی تسکین کرنے کے ساتھ ساتھ کافی، کولا مشروبات، تمباکو نوشی، شراب نوشی اور مفید کے بجائے مضر کھانوں کا بھی عادی ہو چکا ہے۔ ہرے پتوں والی سبزیاں، پھلوں کا رس، توانائی بخش اناج، حیات بخش بیج اور جسم کے ساتھ ساتھ دل و دماغ کو قوت دینے والی سادہ، زود ہضم اور خوش ذائقہ غذائیں اور مشروبات کو نئے دور کے نئے انسان نے "حیات بدر" کر دیا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا رہتا ہے۔
غرضیکہ بیمار جہاں بھی ہو اور بیماری جو بھی ہو، اس کے لئے چارہ گری لاحق ہو سکتی ہے اور یہ کتنی حیران کُن بات ہے کہ اس بیماری کا علاج وہ خود کر سکتا ہے اسے کسی ڈاکٹر یا حکیم کے پاس جانے کی ضرورت نہیں۔ عمر کی کوئی قید نہیں ہر مرد، عورت، جوان اور بوڑھا اپنی قدرتی صحت بحال و برقرار رکھ سکتا ہے اور اگر کھو چکی ہو تو پھر سے پا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لئے ادویات کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ آپ نے صرف عام طور پر دستیاب سبزیوں اور پھلوں وغیرہ کو اپنی غذا کا حصہ بنانا ہے، یوگا کی چند آسان مشقیں اپنے معمولات میں شامل کرنی ہیں اور اپنی قدرتی صحت کو پانا ہے۔
ڈاکٹر برج بھوشن گوئل.